وزارت خزانہ نے آئندہ ماہ مہنگائی میں کمی کی پیش گوئی کردی۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق اگست 2024 میں مہنگائی کم ہوکر 11 سے12فیصد تک رہنے کا تخمینہ ہے، جبکہ جولائی میں ماہانہ مہنگائی کی شرح 12 سے13 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔
،وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ مہینوں میں برآمدات اور درآمدات میں اضافے کی توقع ہے، جولائی میں برآمدات 2.4 سے 2.7 ارب ڈالرز تک رہنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ جولائی کے لیےدرآمدات کا تخمینہ 4.5 سے 4.9 ارب ڈالرز تک ہے، اس کے علاوہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
، رپورٹ کے مطابق مستحکم ایکسچینج ریٹ، درآمدات پرنرمی سےبڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ عالمی منڈی میں اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیرونی سیکٹرکے استحکام کے لیے اہم ہے۔
وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مالی سال2024 معاشی استحکام کا سال رہا ہے، تاہم گزشتہ مالی سال مہنگائی کی شرح 23.4 فیصد رہی۔
وزارت خزانہ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق جون 2024 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ گزشتہ مالی سال بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 1 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ زرعی شعبے نے گزشتہ مالی سال زبردست نمو دکھائی، ٹریکٹرز کی پیداوار میں 43.5 فیصد اور فروخت میں 47 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال مالی خسارہ جی ڈی پی کے 4.9 فیصد تک رہا، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال نیٹ وفاقی محصولات میں 49 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نان ٹیکس آمدنی میں گزشتہ مالی سال 90 فیصد کا اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 1.9 ارب ڈالر رہی، اس کے علاوہ گزشتہ مالی سال براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 16.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال برآمدات 11.5 فیصد اضافے سے 31.1 ارب ڈالر کی رہیں، جبکہ گزشتہ مالی سال درآمدات 0.9 فیصد اضافے سے 53.2 ارب ڈالر کی رہیں۔



















