Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر پاکستان کی شدید الفاظ میں مذمت

اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کرتا ہے۔

پاکستان نے شہید اسماعیل ہانیہ کے خاندان اور فلسطینی عوام سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل اور قسم کی مذمت کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ اغراض و مقاصد سے قطع نظر پاکستان ہر قسم کی ماورائے عدالت اور غیر ملکی سرزمین پر دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔

ترجمان نے ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری جیسے موقع پر اسماعیل ہانیہ کے قتل پر شدید صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں کئی غیر ملکی زعما بشمول پاکستان کے نائب وزیراعظم بھی شریک تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی اسرائیلی مہم جوئی پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے حالیہ اقدامات کے بدولت پہلے سے عدم استحکام کے شکار خطے میں کشیدگی خطرناک ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہوگئے۔

متعلقہ خبریں