Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے پارا چنار واقعے پر ایران کا بیان غیرضروری قرار دے دیا

اسلام آباد: پاکستان نے پارا چنار میں ہونے والے قبائلی تصادم سے متعلق ایران کے بیان کو غیر ضروری قرار دے دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاراچنار پر ایرانی بیان غیر ضروری ہے، اس بیان میں پارا چنار کی مکمل صورتحال کا احاطہ موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس حوالے سے کام کررہی ہے، یواے ای کے غیرملکیوں کے حوالے سے اپنے قوانین موجود ہیں، جرمن حکومت کو کہا ذمےداران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی مشرق وسطیٰ ممالک میں کام کررہے ہیں، زیادہ تر پاکستانی قانون کا احترام کرنے والے ہیں، میزبان حکومتیں ترقی میں پاکستانیوں کے کردار کو سراہتی ہیں۔

دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے تہران کا دورہ کیا، انہوں نے ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی اور ایرانی قیادت کو تہنیتی پیغامات بھی پیش کیے۔

انکا کہنا تھا کہ دولت مشترکہ ممالک کی سیکریٹری جنرل نے پاکستان کا دورہ کیا، سیکریٹری خارجہ نے لاوس میں آسیان ریجنل فورم کے اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جارحیت، لبنان پر حملے کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی کارروائیاں لبنان کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں، اسرائیل کی جارحیت سے خطے کا امن خطرے میں ہے، اسماعیل ہنیہ کا قتل اسرائیلی جارحیت ہے،ان کے اہلخانہ  سے تعزیت کرتے ہیں، ان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرےمیں لایا جائے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ 5 اگست جموں وکشمیر کی تاریخ سیاہ دن کی برسی ہے، 5 اگست 2019 کو بھارت نے جموں و کشمیر کا غیرقانونی اسٹیٹس تبدیل کیا، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی واخلاقی امداد جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں