اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بغیر اطلاع تھانہ کھنہ پہنچ گئے جہاں تفتیشی افسران کمرے سے غائب تھا، سائلین موجود تھے اور ڈیوٹی سب انسپکٹر کسی بات کا جواب نہ دے سکا۔
تفتیشی افسران اور ایک اور کمرے میں 2 نشئی سوئے ہوئے تھے، فرنٹ ڈیسک روم میں سگریٹ کی بو آرہی تھی جبکہ تھانے کے اندر 1500 موٹرسائیکلیں اور کئی گاڑیاں بھی کھڑی تھیں۔
محسن نقوی نے تھانے کی حالت زار دیکھ کر ناراضگی کا اظہار کیا اور فرنٹ ڈیسک، محررروم اور حوالات کا بھی دورہ کیا۔
وزیرداخلہ نے حوالات میں بند ملزمان سے کیسوں کے بارے میں دریافت کیا اور غلط جگہ ریڑھی لگانے والے 4 افراد کو ضروری قانونی کارروائی مکمل کرکے چھوڑنے کا حکم دیا۔
انہوں نے کہا کہ تھانے میں اس قدر زیادہ موٹرسائیکلز کھڑی کرنے کا کوئی جواز نہیں، موٹرسائیکلز جن شہریوں کی ہیں ان کے حوالے کی جائیں۔
محسن نقوی نے سائلین کی بلاتاخیر دادرسی کا بھی حکم دیا اور کہا کہ سائلین کو بلاوجہ انتظار کرانا کسی صورت برداشت نہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر محسن نقوی کے ہمراہ چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا بھی موجود تھے۔



















