اسلام آباد: حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینیوں سے اظہار کے لئے پاکستان بھر میں یوم سوگ منایا جارہا ہے۔
ملک بھر میں آج نماز جمعہ کے بعد شہید اسماعیل ہانیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم پر حکومت اور اتحادی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے مشترکہ طور پر فلسطین میں 9 ماہ سے نہتے لوگوں پراسرائیلی ظلم و بربریت پرغم وغصے کا اظہار کیا اور اسرائیلی مظالم کی پر زور مذمت، نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا۔
اجلاس میں تہران میں حماس لیڈراسماعیل ہانیہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ یہ واقعہ فلسطینیوں پر ظلم وبربریت بند، خطے میں امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنےکی سازش ہے، ایسے واقعات دنیا کا امن تباہ کرنے کیساتھ خطے میں مزید کشیدگی کوہوا دیتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطین میں جاری اسرائیل کے ریاستی ظلم و بربریت کو امت مسلمہ کیلئے المیہ قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ نہتے فلسطینیوں کی فوری طورپرانسانی ہمدردی کے تحت امداد تک رسائی یقینی بنائی جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایسی سفاکی پہلے نہیں دیکھی، بین الاقوامی قوانین کو پیروں تلے روندا گیا، اس طرح کی درندگی پر دنیا کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، غزہ میں ہر روز لاشیں گرائی جارہی ہیں، انتہا پسندی اور دہشتگردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔



















