Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک خیرات سے نہیں چل سکتا، ٹیکس ہر حال میں دینا پڑے گا، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک خیرات سے نہیں چل سکتا، ٹیکس ہر حال میں دینا پڑے گا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ کے اختتام تک آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے اسٹاف لیول معاہدے کی منظوری ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے معاہدے کی منظوری کے بعد کلائمیٹ فنانسنگ پر بھی بات چیت کی جائے گی، اکتوبر میں سالانہ میٹنگ کے دوران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے کلائمیٹ فنانسنگ پر بات ہو گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کے ساتھ ساتھ آبادی کنٹرول کو کرنا ہو گا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں آبادی بہت زیادہ بڑھ چکی ملک میں آبادی بڑھنے کا بم پھٹ چکا ہے، پاکستان کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے موسمیاتی تبدیلی کی فنانسنگ کیلئے موثر منصوبے بنانا ہوں گے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے بجٹ، ٹیکس اقدامات، انرجی سیکٹر، معیار زندگی کو بہتر بنانا ہو گا، وزارت خزانہ، وزارت موسمیاتی تبدیلی آئی ایم ایف اور عالمی بنک کیساتھ ملکر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور عالمی بنک کیساتھ ملکر موسمیاتی تبدیلی کی منصوبوں کی مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جائے گا، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچنے کیلئے ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں پر مبنی اہم پالیسیاں بنانا ہوں گی۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ ملکی معشیت کو بہتر بنانے کیلئے نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، ملک خیرات سے نہیں چل سکتا، ٹیکس ہر حال میں دینا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں