Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یہ پاکستانی عوام کی کامیابی ہے کہ حکومت نے تحریری معاہدہ کیا ہے، حافظ نعیم الرحمان

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ پاکستان کے عوام کی کامیابی ہے کہ حکومت نے تحریری معاہدہ کیا ہے۔

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں بھی آج عوامی ایشوز پر بات نہیں کررہی ہیں، جبکہ عام آدمی اور تنخواہ دار طبقے کے مسائل پر ہم نے بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، صدر وزراء اور بیوروکریسی سمیت دیگر افسران کی 1300 سی سی گاڑیوں کے استعمال پر حکومت نے رضا مندی ظاہر کی مگر معاہدہ پر دستخط نہیں کیے جبکہ 1300 سی سی گاڑیوں کے استعمال پر حکومت پرعوامی پریشر کے ذریعے اس معاہدے پر عملدرآمد کروایں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور حکومت کی کمیٹی ختم نہیں ہوئیں وہ معاہدے پر پیش رفت کاجائزہ لیتی رہیں گی، جبکہ اس معاہدے پرعمل درامد کی گارنٹی جماعت اسلامی کی تحریک ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم لاہور، کراچی، ملتان، پشاوراور دیگر شہروں میں جلسے کریں گے، ہماری تحریک جاری ہے، ہم معاہدے کے بعد گھر نہیں جارہے، ہم تاجروں سے رابطے میں ہیں اور ملک گیر ہڑتال کی کال بھی دے سکتے ہیں، معاہدے پرعمل درامد نہیں ہوتا تو ہم  کال دے سکتے ہیں کہ بجلی کے بل جمع نہ کروائے جائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ہم سےتحریری معاہدہ کیا ہے، تحریری معاہدے میں 5 شقوں پردستخط کیے گئے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ میڈیا نے جس طرح کوریج کی اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، میڈیا ورکرز کی تنخواہیں کم اور ہر وقت ان پر ملازمت ختم ہونے کی تلوار لٹکی رہتی ہے، جبکہ میڈیا مالکان کو اربوں روپے کے اشتہارات مل رہے ہیں تو ان میں سے میڈیا ورکرز کو بھی حصہ ملنا چاہئے، میڈیا ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ ہونا چاہیے، وہ ہر طرح کے موسم اور حالات میں فرائض سرا نجام دیتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لوگ ڈرتے ہیں کہ میڈیا ورکرز کی بات کی تو مالکان ناراض ہوں گے، ہم اس طرح کے ڈر سے آزاد ہیں، اس کے علاوہ دھرنے کے شرکاء نے اپنے آپ کو جس طرح منوایا ہے وہ ملکی تاریخ میں مثال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اپنے آپ کو منوایا اور حکومت کو جھکانا اور انتشار نہ ہونے دینا بہت بڑی بات ہے، ہم نے احتجاج میں حکومتی پابندیوں کے باوجود انتشار نہیں پھیلنے دیا، ہمارے یہاں سیاست شخصیات اور خاندانوں کے گرد گھوم رہی ہے، جبکہ ہم عوامی حقوق کو نظریاتی حقوق سمجھتے ہیں۔

 حافظ نعیم الرحمان نے اولمپکس میں ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جتنے پر کہا کہ ساری قوم کو ارشد ندیم کی کامیابی پرمبارکباد، ارشد ندیم مایوسی کے دور میں امید کا پیغام بن کر سامنے آئے ہیں، ہم نے آخری مرتبہ لاس اینجلس میں ہاکی میں گولڈ میڈل لیا تھا۔

متعلقہ خبریں