چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے مسجد نبویﷺ کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر کی ملاقات ہوئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف اور مسجد نبویﷺ کے امام کی ملاقات جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف کی جانب سے مسجد نبویﷺ کے امام کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔
اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسجد نبوی کے امام کا دورہ پاکستان کے عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے پاکستان کو مسلم دنیا میں اہم مقام کا حامل قرار دیا۔
امام مسجد نبوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
آرمی چیف اور امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے پاک سعودی تعلقات پر اظہار اطمینان کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے اختتام پر امام مسجد نبوی نے مسلم امہ کے لیے امن استحکام اور اتحاد و یگانگت کی دعا کی۔



















