لاہور: پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے۔
ارشد ندیم نے لاہور ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گولڈ میڈل جیتنے کیلئے دن رات محنت کی، والدین اور قوم کی دعاؤں کی بدولت اللہ نے عزت دی۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے مزید کہا کہ آنے والے انٹرنیشنل ایونٹس کی بھرپور تیاری کروں گا۔
واضح رہے کہ پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو میں عالمی ریکارڈ بنا کر تاریخ رقم کرنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں، لاہور ایئرپورٹ پر گولڈ میڈلسٹ کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔
اولمپک چیمپئن ارشد ندیم کی پرواز رات ایک بج کر 25 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر پہنچی، ارشد ندیم کے طیارے کو ایئرپورٹ پر واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔
ایئرپورٹ پر ارشد ندیم اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور شہریوں نے اپنے ہیرو کو کندھوں پر اٹھایا۔
ارشد ندیم کی آمد پر ان کے مداحوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ڈھول بجا کر ’’پاکستان زندہ باد ارشد ندیم زندہ باد‘‘ کے نعروں سے ان کی واپسی کا جشن منایا۔
بعدازاں قومی ہیرو نے انہیں فراہم کی جانے والی امداد اور سہولیات پر حکومت اور وزیر اعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔



















