مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چوہدری کا کہنا ہے کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو کمزورکرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کرنے والوں کے احتساب کا کوئی ادارہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی دورحکومت میں بدعنوانی عروج پر تھی، صوبائی وزیر کا استعفیٰ خیبرپختونخوا میں بدعنوانی کی داستان کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
دانیال چوہدری نے کہا کہ فوج میں خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے، نومئی کو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنیوالوں کا احتساب ہوناچاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء نے اپنا آج ہمارے کل کیلئے قربان کیا، جو بھی ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کی کوشش کرے گا اس کا احتساب ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نومئی کا سانحہ ناقابل فراموش ہے، مجرموں کو سزا ضرور ملنی چاہیے، پی ٹی آئی نے ملک کو دیوالیہ کرنے کے لئے تمام حربے استعمال کیے، پاکستان کو کمزورکرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائےگی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے، قوم دیکھے گی کہ مجرموں کا کیسے احتساب ہوگا۔



















