وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیو مہم میں والدین اور سرپرست مکمل تعاون کریں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ ہیلتھ کو جاری انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچے کی پوری زندگی تباہ کردیتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں، بصورت دیگر سرپرست یا والدین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، اس کے علاوہ کراچی کی تمام 85 یونین کونسلز میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شہر کراچی کے بیشتر علاقے پولیو وائرس میں ہائی رسک پر ہیں، جبکہ پولیو کے خلاف جاری مہم میں 11 لاکھ بچوں میں سے کوئی بچہ رہنا نہیں چاہیے، پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس ہیلتھ ورکرز کی بھرپور مدد کریں۔
وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ دنیا بھر میں اس مرض کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن ہمارے یہاں چند لوگوں کے عدم تعاون اور روئیے کی وجہ سے ہم اس مرض سے نجات نہیں پارہے، پولیو وائرس کے خاتمے تک حکومت چین سے نہیں بیٹھے گی۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مہم کی کامیابی بچوں کے والدین کے تعاون پر منحصر ہے، یہ ہم سب کا فرض ہے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک صحت مند معاشرہ اور خوشحال مستقبل فراہم کریں۔



















