گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ سندھ میں بجلی سستی کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہا ہوں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہیرو ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا گیا، ارشد ندیم کے استقبال پر اہلِ کراچی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے سے بارش کے حوالے سے رابطہ ہوا ہے، این ڈی ایم اے کو 10 ہزار راشن فراہم کرنے کی پیشکش کی، آج رات بارش سے متاثرہ افراد کو راشن بھیجیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بجلی بلوں پر ریلیف سےمتعلق مریم نواز کا ٹوئٹ ٹھیک ہے، سندھ میں بجلی سستی کرنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ کو خط لکھ رہا ہوں، سندھ میں بجلی کے ریٹس کم نہ ہوئے تو عوام میں احساس محرومی پیدا ہوگا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ بجٹ پر نظر ثانی کرتے ہوئے بجلی بلوں پر ریلیف دیں، لوگ معاشی بحران میں پسے ہوئے ہیں، پنجاب میں 14 روپے فی یونٹ بجلی صوبائی بجٹ سے کم کی گئی، سندھ میں بھی بجلی قیمت 14 روپے یونٹ کم کی جائے۔



















