مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت پر اب کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رؤف حسن کے ملک مخالف صحافی سے رابطے تھے، اہم اور طاقتور ادارے نے احتساب کا عمل اپنے گھر سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ خود احتسابی کا عمل ہر ادارے کو کرنا چاہیے، خود احتسابی کا عمل شفافیت پر مبنی ہونا چاہیے، احتساب اب ہر صورت ہو کر رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار کے فیصلوں نے ملک کو اس حال میں پہنچایا، رؤف حسن اکیلے آدمی نہیں تھے، یہ ایک پورا پلان تھا، رؤف حسن ملک مخالف صحافی کو مواد فراہم کررہے تھے، پاکستان کی سالمیت پر اب کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ان کے تانے بانے بانی پی ٹی آئی سے ملتے ہیں، پی ٹی آئی کے 4 سال میں ملک کو معاشی، سیاسی نقصان پہنچا، رؤف حسن سے تحقیقات، فیض حمید کی گرفتاری کے بعد تحقیقاتی دائرہ وسیع ہوا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو نقصان پہنچا کرعوام کا معاشی استحصال کیا گیا، احتساب ہر ادارے کو کرنا ہوگا ورنہ حکومت کو کارروائی کرنی پڑے گی، سیاسی جماعتوں کو بھی مہروں کے خلاف کارروائی کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ثاقب نثار فیض حمید سے دن میں کئی دفعہ رابطہ کرتے تھے، جو جج استعفیٰ دے کر گئے ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے۔



















