شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے سے بارش جاری ہے جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاؤن، لیاری، ماڑی پور روڈ، ہاکس بے میں صبح سویرے ہلکی بارش جبکہ کلفٹن، بوٹ بیسن، زینب مارکیٹ، آٸی آٸی چندریگر روڈ کے اطراف میں بوندا باندی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت بادلوں کے ڈیرے ہیں، اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ آ ج د ن بھر شہر قائد میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کی توقع ہے۔
شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اس وقت شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں اس وقت جنوب مغربی سمت سے 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندری ہوا چل رہی ہے۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، جبکہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 26 نمبر پر آگیا، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی پانجویں نمبر پر موجود ہے، اس کے علاوہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 76 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔



















