بیرون ملک اسکالرشپ پر پڑھنے کے لیے جانے والے افراد ملک کی بدنامی کا باعث بننے لگے ہیں۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن کی آڈٹ رپورٹ 24ـ2023 میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایچ ای سی کی اسکالرشپ پر بیرون ملک پڑھنے کے لیے جانے والے 96 طلباء بھگوڑے ہو گئے ہیں۔
دستاویزکے مطابق غائب ہونے والے طلباء امریکہ، یورپی ممالک، آسٹریلیا ایچ ای سی کی اسکالرشپ پر گئے تھے۔
دستاویز میں بتایا گیا کہ غائب ہونے والے 96 طلباء پر ایک ارب 55 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ ہوئی ہے، جبکہ ایچ ای سی نے محکمہ آڈٹ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ غائب ہونے والے طلباء سے رقم ریکور کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے ایچ ای سی انتظامیہ کا جواب غیر تسلی بخش قرار دے دیا، جبکہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ٹیکس پیئرز کے اربوں روپے ضائع کر دیئے۔



















