لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیس کو روڈ ڈکیتی کی وارداتیں فوری طورپر روکنے کا ٹاسک دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پولیس افسران کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کے دوران پولیس افسروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے مقررہ اشارئیے (کے پی آئی) کا جائزہ بھی لیا گیا۔
مریم نواز نے سڑکوں پر محفوظ سفر کیلئے اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے ہر ضلع میں کرائم کی شرح کو ہرصورت نیچے لانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب کے ہر علاقے میں ہاٹ اسپاٹ ایریاز ختم کرنے کیلئے ایکشن شروع کرنے کا بھی حکم دیا اور کہا کہ تاجر اور دوکانداوں کا تحفظ بنانے کیلئے ڈکیتی کی وارداتوں کا سدباب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے بڑے شہروں کے روڈز پر ڈکیتی اوردیگر جرائم قطعاً قابل قبول نہیں، پنجاب کی ہر سڑک، گلی محلے کو محفوظ بنانا ہوگا، کسی کوجرم کرنے کی جرات نہ ہو۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ کسی روڈ پر ڈکیتی اورجرائم کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران ذمہ دار ہوں گے عورتیں اور بچے ریڈ لائن ہیں، ان کے خلاف جرائم کو ہر صورت روکا جائے۔
واضح رہے کہ اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان، ہوم سیکریٹری نورالامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔



















