امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ہمیں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بہت بڑی رابطہ عوام مہم چلا رہی ہے، بجلی کی قیمتیں، تنخواہ دار طبقہ کو ریلیف، گیس کے بلوں میں اضافہ و فیول ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز کے خلاف عوامی مہم چلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت فیصلہ کیا ہے تنظیمی ذمہ داران سے بات چیت کرکے تحریک پر لائحۂ عمل بنایا جائے، بلوچستان کا دورہ کیا، سندھ، پنجاب اور پشاور میں تنظیموں کو متحرک کریں گے، پہلے مرحلے میں 28 اگست کو مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ٹیکس کا نیٹ ورک بڑھے، ایف بی آر کرپشن کا گڑھ بنا ہوا ہے، ایف بی آر کے پچیس ہزار عملے نے ایک سال میں 12 سو 99 ارب روپے کی کرپشن کی، ایف بی آر کے لوگ کرپشن جو کررہے ہیں اگر یہ کرپشن ختم ہوجائے تو عوام کو ریلیف ہی مل جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ تاجروں، صنعتوں کا پہیہ جام کرنے والے ہیں، اس بار تاجروں میں اتحاد پایا جاتا ہے، اس مسئلے کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہتے، بلوچستان میں لوگ احساس محرومی کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ مینار پاکستان پر لاکر حل کریں گے، حق دو عوام کو، حق دو بلوچستان کو، تحریک چلائیں گے، جس پر کام جاری ہے، حکومت کو بات سمجھنی چاہیے، معاہدہ ہوا ہے جس پر حکومت کے دستخط ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا پارٹی مسئلہ نہیں، حکومت کو اپنے معاہدے پر عمل کرنا ہوگا، نو مئی واقعہ پر موقف واضح ہے، عدالتی کمیشن بناکر تحقیقات ہونی چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ایف پی آئی سی سی سے بات چیت چل رہی ہے، فیڈریشن آف چیمبر کو بھی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرنا چاہیے، بجلی ٹیرف و فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اس ماہ دو روپے چھپن پیسے کیے گئے تو حکومت نے کہا کہ ستتر پیسے کم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کس سے پر امید اور کس سے مایوس ہیں وہ خود بتائیں گے، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کا اتحاد نہیں چلے گا وہی ہوا، ہمارا اتحاد تو عوام سے ہوگیا ہے کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کی ضرورت نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم کسی سے سیاسی اتحاد نہیں بنائیں گے، پاکستان میں بڑے انقلاب کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کو حل کیا جاسکے، اپوزیشن کے ساتھ اتحاد چلانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن اتحاد سے کچھ نہیں نکلتا کوئی فون پر چلا جاتا تو کوئی ڈیل کر لیتا ہے۔



















