لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پنجاب کے عوام کو دوماہ کے لیے خیرات نہیں چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاؤن کریں گے اور یکم ستمبر کو عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب کی عوام کو دوماہ کے لیے خیرات نہیں چاہیے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کرکے پورے ملک میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دو تین دفعہ وزیراعظم رہنے کے باوجود نوازشریف نے پھر علاقائی سیاست کی، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ہمارے خلاف جعلی پروپیگنڈہ کیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کہتے ہیں کہ عوام کو بجلی اور ٹیکسز پر ریلیف دینا پڑے گا، حکمران عیاشیاں بند کریں، پی ٹی آئی نے فارم 47 سے متعلق اسٹینڈ پر کمپرومائز کیا۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا پی ٹی آئی نے ایک لیگل ڈاکومنٹ کے ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات کی بجائے نئے الیکشن کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی پی اور ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف ٹوئٹس کے ذریعے نوراکشتی میں ملوث ہیں، جماعت اسلامی کسی سے سیاسی و انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔



















