کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری کے رجحان میں جولائی کے دوران سالانہ بنیاد پر 27.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اس دوران خریداری کا حجم 125 ارب روپے رہا، جبکہ جولائی 2024 میں صارفین نے کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 125 ارب روپے کی خریداری کی، جو گزشتہ سال جولائی کے مقابلے میں 27.5 فیصد زیادہ ہے۔
گزشتہ سال جولائی میں صارفین نے کریڈٹ کارڈزکے ذریعے 98 ارب روپے کی خریداری کی تھی، تاہم اسٹیٹ بینک کے مطابق جون کے مقابلے میں جولائی میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے خریداری میں ماہانہ بنیاد پر 2 فیصد اضافہ ہوا۔
جون میں کریڈٹ کارڈز کے ذریعے صارفین نے 122 ارب روپے کی خریداری کی، جو جولائی میں بڑھ کر 125 ارب روپے ہو گئی۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ جاری مالی سال کے پہلے مہینے میں بینکوں کی جانب سے نجی شعبے کو فراہم کردہ مجموعی قرضوں کا حجم 8291 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا ہے، جو گزشتہ سال جولائی کے 7998 ارب روپے کے مقابلے میں 3.7 فیصد زیادہ ہے-



















