Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارے اسپتالوں کا چندا عوام کی بہتری پر خرچ ہورہا ہے، ناصر حسین شاہ

صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے اسپتالوں کا چندا عوام کی بہتری پر خرچ  ہورہا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے خالد مقبول  صدیقی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی کا جناح اسپتال سے متعلق بیان مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ خالد مقبول کہتا ہے کہ کراچی ٹیکس اور چندا دونوں دے رہاہے، کراچی کے تاجروں اور قربانی کی کھالوں کی شکل میں جو چندا ایم کیو ایم نے لیا اسے بھی یاد رکھیں۔

 ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے اسپتالوں کا چندا عوام کی بہتری پر خرچ  ہورہا ہے، آپ نے کہاں خرچ کیا، سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں جو کام کیا اُس سے  پورا ملک  آشنا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ آپ تو پی پی پی کی حکومت کے ہر اچھے کام کے منکر ہیں لیکن کراچی ہمارے کام کو تسلیم کرتا ہے، ایم کیو ایم کو سمجھنا ہوگا کہ کراچی کی ٹھیکیداری اب اُن کی نہیں رہی اور نہ ہی عوام انہیں پسند کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جے پی ایم سی میں اگر مخیر حضرات ڈونیشن دیتے ہیں تو یہ سندھ حکومت پراُن کا اعتماد ہے، سندھ حکومت  سالانہ 30 بلین روپے جناح، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ  پر خرچ کرتی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آپ کے ماننے یا نہ ماننے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، خوشی کی بات یہ ہے کہ کراچی کے عوام  پی پی پی کی خدمت کو سراہتی ہے، ایم کیو ایم  صرف و صرف بیان بازی پر توانائی خرچ کرتی ہے۔

صوبائی وزیر توانائی نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت پر توانائی اور پیسہ خرچ  کررہے ہیں، سوال یہ کہ کراچی شہر کی رونقیں، ادبی محفلیں، تعلیمی سرگرمیاں کس نے چھینیں؟ جواب یہ ہے کہ کراچی کا امن، ترقیاتی کام ، ادبی محفلیں  اور تعلیمی سرگرمیاں پی پی پی کی حکومت نے بحال کیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کراچی نے بڑا خون خرابہ اور قتل و غارت دیکھی ہے، کراچی اب نفرت، تنگ نظری اور مایوسی سے باہر نکل چکا ہے اب اسے پیچھے دھکیلنے کی کوئی کوشش نہ کی جائیں۔

متعلقہ خبریں