مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹور غریب عوام کیلئے ریلیف کا واحد ذریعہ تھا۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرانے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز بند کرانا نااہل حکومت کے غریب دشمن پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور غریب عوام کیلئے ریلیف کا واحد ذریعہ تھا، مینڈیٹ چور حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام کو اس ریلیف سے بھی محروم کیا، لاکھوں کی تعداد میں لوگ یوٹیلیٹی اسٹورز میں برسرروزگار تھے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹور بند کرانے سے ہزاروں کی تعداد میں خاندانوں کا ذریعہ معاش بھی چھینا گیا، یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین جعلی حکومت کے اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف احتجاج پر ہیں، نااہل حکومت اشتہاری مہم پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے مگر یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ ٹک ٹاکر راج کماری مریم نواز ذاتی تشہیر پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے، غریب عوام پر پیسے خرچ کرنے کے لیے خزانہ خالی ہے، مہنگائی کے اس دور میں غریب جائے تو کہاں جائے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی فارم 47 حکومت میں غریب عوام خودکشی کرنے پر مجبور ہیں، نااہل ٹولے نے غریب عوام پر زمین تنگ کی ہے۔



















