وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے 14جوان شہید ہوئے، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، بلوچستان میں حملہ کرنے والوں کو بھرپور جواب دیں گے، دہشت گردوں کو ملک میں پنپنے نہیں دیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان خودصورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، جوحکمت عملی بنائی جا رہی ہے اس کے مثبت نتائج نکلیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کا بندوبست پورا ہوگا، دہشت گردوں کو دہشت گردوں کی طرح ٹریٹ کیا جائے گا، ایسی حرکتیں کرنے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں، بہت سی جگہوں پر دہشت گردوں کو پوری طرح ناکام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا بندوبست کرنا ہے، چند دنوں میں اقدامات سامنے آئیں گے، جن لوگوں کو چھوڑا گیا وہی لوگ دہشت گردی کر رہے ہیں، حملہ آور ناراض بلوچ نہیں دہشت گرد ہیں، کسی کی خواہش پر الزام تراشی کرنا مناسب نہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہوگی، الزام لگانا ہے تو سوچ سمجھ کر لگایا جائے، میرا کام امن وامان کو برقرار رکھنا تھا، ملک میں انتخابات میں نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرائے تھے۔



















