اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی، دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند دنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات ہوئے، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں بےگناہ لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشت گرد گروپ افغانستان سے آپریٹ ہورہے ہیں، بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات کے مطابق بلوچستان میں 50 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے، افواج کے افسران، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی شہید ہوئے، دہشت گردوں کے خلاف موثر آپریشن بھی ہوئے ہیں، دہشت گرد پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ بےگناہ پاکستانیوں کو شہید کرنے والے دہشت گرد غلط فہمی میں ہیں، دہشت گرد سی پیک اور دیگر ترقیاتی منصوبے روکنا چاہتے ہیں، دہشت گردوں کا واحد مقصد پاکستان میں ترقی کا سفر روکنا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، دہشت گردی کے خلاف دی گئیں قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، کسی کمزوری کا سوال ہی پیدا نہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم ارادے ناکام اور خاک میں مل جائیں گے، دہشت گردی کرنے والوں سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام وسائل مہیا کریں گے۔



















