وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ مریم نواز باقی صوبوں کیلئے رول ماڈل بن چکی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ مریم نواز اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کر رہی ہیں، الیکٹرک بائکس کے بعد اپنا گھر اپنی چھت، بجلی کے بلوں میں ریلیف اور اب ہمت کارڈ قابل ستائش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کی جا رہی ہیں، مریم نواز باقی صوبوں کے لیے رول ماڈل بن چکی ہیں، میں فخر سے کہہ سکتی ہوں میری وزیراعلیٰ نے اب تک جتنے بھی منصوبے شروع کیے سندھ اور کے پی نے ان کی پیروی کی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کو خوشحال، پرامن اور ترقیافتہ صوبہ بنانے کا مشن لے کر آئی ہیں، مخالفین کے پاس جھوٹ، پروپگنڈے اور الزام تراشیوں کے سوا کچھ نہیں، فتنہ پارٹی ملک کی فلاح بہبود کے لیے مضر صحت بن چکی ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ فتنہ پارٹی کا ایجنڈا ملک میں انتشار پھیلاؤ، تقسیم کرو اور نفرتیں بڑھانا ہے، مسلم لیگ نون کی لیڈرشپ نے عوام کے تعاون سے انتشار اور نفرت کی سیاست کو سمندر برد کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فتنہ پارٹی اور اس کے سہولت کاروں کے لیے مزید کوئی گنجائش نہیں رہی، پاکستان کے عوام انتشاریوں اور فسادیوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مایوسی پھیلانے والے پہلے بھی رسوا ہوئے تھے اب بھی ذلیل و خوار ہوں گے، پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی دعائیں مانگنے والے آج معافیاں مانگنے پر آگئے ہیں۔



















