اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کل کی ہڑتال کامیاب قرار دے دی۔
حافظ نعیم الرحمان نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل کامیاب ترین ہڑتال سے حکومت ناکام ہوئی، ریاستی معاشی دہشت گردی اب بند کرنا پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کو انکم ٹیکس میں 12 سو سے 13 سو ارب روپے تک کا استثنیٰ دیا گیا، آئی پی پیز کو 2 ہزار ارب سے زائد عوام ادائیگی کررہی ہے، یہ مسئلہ حکمران طبقے کا پیدا کردہ ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ بجلی بن نہیں رہی اس کے پیسے دیے جارہے ہیں، سیکڑوں ارب کی کیپسٹی پیمنٹ چند گروپس کی جارہی ہے، کیپسٹی پیمنٹ نہ جائے تو فی یونٹ 25 روپے کم ہوسکتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بوسیدہ پلانٹ فارغ، معاہدے ختم کریں، چین سے بات کریں یقین ہے وہ بھی تیار ہوجائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ پی پی پی بھی معاشی تباہی کے پوری ذمہ دار ہے، شٹر ڈاؤن ہوگئی اب اگلا مرحلہ پہیہ جام ہڑتال کی منصوبہ بندی کررہے ہیں، لوگوں کو کہیں گے کہ ایک روز اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنا احتجاج نوٹ کرائیں، جماعت اسلامی ملک گیر ممبرشپ مہم چلائے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ہر بار مسلم لیگ ن بلدیاتی الیکشن سے بھاگنے کے لئے قانون میں تبدیلی کردیتی ہے۔



















