سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پنجاب میں عوام کو بجلی بلوں میں ریلیف کی تفصیلات جاری کردیں۔
انہوں نے کہا کہ 201 سے 500 یونٹ تک بجلی صارفین کو بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کا ریلیف پہنچنا شروع ہوگیا ہے، لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی پانچ بجلی کمپنیوں کے 35 لاکھ 16 ہزار 877 صارفین کو ریلیف دیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو 50 ارب روپے کا ریلیف دیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مشکل معاشی حالات میں بھی عوام کو ریلیف دینے کا ناممکن کام ممکن کر دکھایا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز شریف نے عوام کا ساتھ دے کر ثابت کیا کہ دل میں احساس ہو تو عمل میں اس کی جھلک ضرور نظر آتی ہے، عوام کو مزید ریلیف دیں گے، ہر ناممکن کو ممکن کر دکھانا، ہمیشہ وعدہ نبھانا ہی نواز شریف کی روایت ہے۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور کی سستی روٹی، بجلی کو عمران خان نے مہنگا کیا، ہم پھر اسے واپس سستا کر رہے ہیں، مہنگائی پر قوم کا مجرم عمران خان ہے جو مہنگائی واپس لایا، نواز شریف نے آئی ایم کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف کی پاکستان کو دوبارہ ضرورت عمران خان کی معاشی تباہی کی وجہ سے پڑی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف عوام کو ریلیف دینے کی خدمت کی ایک نئی تاریخ بنا رہی ہیں، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانا، بہترین خدمت کا نظام لانا اور صوبے کو دنیا میں ترقی کی مثال بنانا مریم نواز شریف کا مشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچوں کمپنیوں کی جانب سے ریلیف والے بلوں کی پرنٹنگ اور ترسیل کا عمل تیزی سے جاری ہے، لاہور الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 8 لاکھ 40 ہزار صارفین کو ریلیف دیا گیا، ملتان الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 6 لاکھ 53 ہزار 883 صارفین کو ریلیف ملا، فیصل آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 5 لاکھ 6 ہزار 139 صارفین کو ریلیف ملا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ گوجرانوالہ الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 31 ہزار 305 صارفین کو ریلیف ملا، اسلام آباد الیکڑک سپلائی کارپوریشن کے 7 لاکھ 85 ہزار 550 صارفین کو ریلیف ملا، بجلی بلوں میں خصوصی ریلیف کی رقم بھی شائع کر دی گئی ہے۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ شمسی توانائی کے ذریعے عوام کو مستقل ریلیف دینے کا اگلا مرحلہ جلد شروع کریں گے، صفر سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کو مفت سولر سسٹم فراہم کریں گے، 201 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو بلاسود سولر سسٹم آسان اقساط پر ملے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ہمراہ 16 اگست کو پنجاب کے عوام کے لئے بجلی بلوں میں 14 روپے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا تھا، پنجاب کے عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے 46 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔



















