امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کیے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی بنیاد لاہور میں ہی رکھی گئی تھی، بدقسمتی سے جس تمنا سے پاکستان بنا تھا وہ پوری نہیں ہوسکی۔
انہوں نے کہا کہ خدمت جماعت اسلامی کی سرشت میں شامل ہے، جماعت اسلامی نے اجتماعی قربانی کا تصور دیا، جماعت اسلامی خدمت کا نام ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ لاکھوں بچوں کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے، بچوں کا ٹیلنٹ ملک کو بہت آگے لیکر جاسکتا ہے، ملک کا نظام بیوروکریسی چلارہی ہے، حکمران طبقے کا تعلق جاگیر داروں سے ہے، حکمران طبقے کی کارکردگی یہ ہے کہ 2کروڑ 62لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں، تعلیم اتنی مہنگی کردی کہ عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بجلی کا بل بم بن کر گرتا ہے، معیشت حکمران طبقے نے خراب کی، آئی پی پیز کا عذاب ملک پر مسلط ہے، بجلی بنانے والے ادارے عوام کو لوٹ رہے ہیں، ہر دور میں آئی پی پیز لگے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پارٹییوں کا انحصار اے ٹی ایم پر ہے، لیڈر چلا رہا ہوتا ہے اور پارٹی لوٹ رہی ہوتی ہے، پاکستان کے حالات پڑھے لکھے جاہلوں نے خراب کیے ہیں، کونسا تعلیمی ادارہ ایسا ہے جہاں منشیات نہیں بیچی جارہی، بچوں کے جسموں میں زہر اتارا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں کمی کرنا خیرات نہیں عوام کا حق ہے، ہمیں خیرات نہیں ہمارا حق چاہیے، جماعت اسلامی اس وقت میدان میں ہے، بجلی کے ایشو پر کوئی سیاسی جماعت سڑکوں پر نہیں نکل رہی، جماعت اسلامی ایک گلوبل ویژن رکھتی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ حق دو تحریک کی ممبر شپ کا آج سے آغاز کررہے ہیں، ہر فرد جماعت اسلامی کا ممبر بن سکتا ہے، سب سے پہلے بجلی کے بلوں میں کمی کی جائے گی، ہماری جدوجہد، اسلام، پاکستان اور عوام کے حقوق کیلئے ہے۔



















