لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور آئی جی پنجاب کے حکم پر بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والوں کو بڑا ریلیف مل گیا ہے۔
اس حوالے سے سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے بتایا ہے کہ موٹرسائیکل لائسنس کے لئے اب لرنر پرمٹ کے بعد انتظار نہیں کرنا پڑے گا، محدود مدت کے لئے موٹر سائیکل لائسنس کے لئے 42 یوم کا لرنر پریڈ ختم کیا جارہا ہے، اب لرنر پرمٹ کے ساتھ ہی شہری ٹیسٹ دے کر لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔
انکا کہنا ہے کہ سہولت فراہم کرنے کا مقصد قیمتی وقت کو محفوظ اور قانون پسند شہری بنانا ہے، بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر 02 ہزار روپے جرمانہ ہے۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ شہری موٹرسائیکل کا لائسنس ایک، دو، پانچ سال تک کا لائسنس بنوا سکتے ہیں، شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے لائسنس سینٹرز میں کیش ہینڈلنگ کو مکمل طور پر ختم کردیا گیا۔
سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ شہری لائسنس کے حصول کیلئے صرف شناختی کارڈ کے ہمراہ تشریف لائیں، ڈرائیونگ لائسنس کے تمام مراحل کی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔



















