وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ سیاسی یتیموں کا ٹولہ از خود ہی خیالی پلاؤ بنا رہا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف آپ کے لیڈر کا نام لینا بھی مناسب نہیں سمجھتے، سیاسی یتیموں کا ٹولہ از خود ہی خیالی پلاؤ بنا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے آپکے لیڈر مرے جارہے ہیں، ہمیں کوئی دلچسپی نہیں، بانی پی ٹی آئی ڈیڑھ سال سے نوازشریف کی منتیں ترلے کررہے ہیں، نواز شریف کی سیاست، ویژن اور مشن صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کسی جماعت کا سیاسی لیڈر بیٹھنا بھی مناسب نہیں سمجھتا، بانی پی ٹی آئی مفاد پرست، احسان فراموش اور محسن کش انسان ہے، جو شخص اپنے محسنوں کو میر جعفر کے القابات دیتا اس پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی سیاست آپ جیسے نو مولود بونے سمجھنے سے قاصر ہیں، خیبر پختونخوا کے نو مئی کا اشتہاری مراد سعید بیرون ملک بیٹھ کے حکومتی فیصلے کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کس کو کابینہ میں رکھنا اور کس کو نکالنا ہے یہ اب مراد سعید علی امین گنڈاپور کو بتارہا، علی امین گنڈاپور عثمان بزدار پارٹ ٹو بن چکے ہیں، خیبر پختونخواہ میں کرپشن کے خلاف آوازیں تحریک انصاف کے اندر سے اٹھ رہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جو فنڈز کے پی کے عوام پر خرچ ہونے وہ ریوڑیوں کی طرح آپس میں بانٹے جا رہے ہیں۔



















