Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صوبائی حکومت سندھ کے بلدیاتی نظام کو فیل کرنا چاہتی ہے، علی خورشیدی

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت سندھ کے بلدیاتی نظام کو فیل کرنا چاہتی ہے۔

 سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف علی خورشیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کے دوران سندھ کے مختلف شہروں سمیت کراچی میں بھی بارش ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں صورتحال بہت خراب رہی ہے خاص طور پر بدین کے مختلف علاقوں میں، پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔

علی خورشیدی نے کہا کہ بارشوں کے باعث سندھ صوبے کے گلی محلے تباہ ہوچکے ہیں، لوگ گھروں سے نکل نہیں پا رہے ، سیوریج کا پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے، صوبائی حکومت سندھ کے بلدیاتی نظام کو فیل کرنا چاہتی ہے۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ ہر ضلعے میں الگ سے فوکل پرسن مقرر کرکے چیئرمینز کے اوپر پیرالل سسٹم قائم کیا گیا ہے، جسکے باعث افسران چیئرمین کے برعکس فوکل پرسنز کی سن رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب اچھے کی رپورٹ دیکر اُلٹا زخموں پر نمک چھڑکا جا رہا ہے، بارش کے باعث حیدرآباد کا نظام تباہ ہے، میئر حیدرآباد کی تصاویر میں فوکل پرسن نظر آ رہا ہے۔

 علی خورشیدی نے کہا کہ کراچی میں کہیں بھی ایک وقت پر پچاس ملی میٹر بارش بھی نہیں ہوئی ہے، کراچی شہر کی اندرون کی ساری گلیاں تباہ ہیں، میئر کراچی کو ہم شہر کا میئر سمجھتے تھے، وہ شاہراہ فیصل کے میئر بن بیٹھے ہیں۔

سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ صرف شاہراہ فیصل کے علاوہ شہر کے اور بھی علاقے ہیں، سندھ حکومت کے مانگے تانگے کے ترجمان ہر الزام ایم کیو ایم پر ڈال دیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں