Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں پُرامن اسمبلی اور پبلک آرڈر بل سینیٹ میں پیش

اسلام آباد: دارالحکومت میں پُرامن اسمبلی اور پبلک آرڈر بل سینیٹ میں پیش کردیا گیا۔

سینیٹرعرفان صدیقی نے اسلام آباد میں پُرامن اسمبلی اور پبلک آرڈر بل سینیٹ میں پیش کیا، اسمبلی کوآرڈی نیٹرمجسٹریٹ کو 7 روز قبل اسمبلی کی تحریری درخواست دے گا، جائز وجوہات نہ دینے پر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جلسے کی اجازت نہیں دے گا۔

بل کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ جلسے کی اجازت نہ دینے کی تحریری وجوہات دے گا، جلسے کی مختص جگہ یا کوئی اور حکومت کا مختص کردہ علاقہ ہوگا، مجسٹریٹ جلسے کی اجازت سے قبل امن وامان کی صورت حال کابھی جائزہ لے گا۔

بل میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس لی جائے گی جب کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ مختص علاقے کے علاوہ کہیں جلسے کی اجازت نہیں دے گا، اگرجلسہ منتشر نہیں کیا جاتا تو پولیس افسر طاقت کے ذریعے منتشر کرسکتا ہے۔

بل میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیرقانونی جلسے کے ارکان کو گرفتار اور حراست میں لیا جاسکتا ہے، غیرقانونی اسمبلی کے رکن کو 3 سال تک سزا اور جرمانہ ہوگا۔

اعظم نذیرتارڑ کہتے ہیں کہ جلسے اور جلوسوں سےعام آدمی کی زندگی متاثرنہیں ہونی چاہیے، اسلام آباد میں جس کا دل کرے آکر جلسے اور جلوس کردیتا ہے۔

اعظم نذیرتارڑ نے کہا کہ یہ بل پہلے ہی صوبوں میں کسی صورت میں موجود ہے، اس بل کے تحت جلسے کی جگہ مختص ہوگی جب کہ بل بہت ہی مناسب ہے اور اسے منظور کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں