اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ عام آدمی کو ریلیف دینے پر مرکوز ہے۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ہینڈل پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ اگست کے مہینے میں سالانہ شرح افراط زر 9.6 فیصد تک آ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی گزشتہ تین سالوں میں پہلی مرتبہ دس فیصد سے کم ہوئی، یہ محض حادثاتی نہیں بلکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ میرا فوکس عام آدمی کو ریلیف مہیا کرنے پر ہے، ابھی کام مکمل نہیں ہوا، بہت کچھ کرنا باقی ہے، ہم حقیقی طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
اس سے قبل بھی وزیر اعظم شہباز شریف نے مہنگائی کی شرح سنگل ڈجٹ پر آنے کے اعلان پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل وکرم سے حکومتی معاشی ٹیم کی محنت رنگ لا رہی ہے، اگست میں مہنگائی کی شرح 9.6 فیصد پر آنا معیشت میں بہتری ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ مہنگائی کی کم ترین شرح کا سہرا حکومتی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے، افراط زر میں کمی وزارت خزانہ کی رپورٹ کےعین مطابق ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کہا گیا اگست 2024 میں افراط زر 9.5 سے 10.5 فیصد کے درمیان رہے گی، ستمبر میں افراط زر میں کمی کی پیشگوئی خوشخبری سے کم نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈجٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی ٹیم کی محنت کی وجہ سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، میں نے کہا تھا کہ عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے تک سکون سے نہیں بیٹھوں گا، اللہ کا کرم ہے کہ اپنے عہد کی تکمیل کی طرف گامزن ہیں۔



















