اسلام آباد: الیکشن کمیشن اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور آمنے سامنے آگئی۔
الیکشن کمیشن نے بجٹ اور اس کے خرچ کی تفصیلات قائمہ کمیٹی کو دینے سے انکار کردیا ہے جب کہ الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور کو اپنے فیصلے سے بھی آگاہ کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 81 کے تحت الیکشن کمیشن کا بجٹ چارج ہوتا ہے، الیکشن کمیشن آزاد آئینی ادارہ ہے جو کسی وزارت کے ماتحت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے بجٹ اور خرچ سے متعلق کسی کو جوابدہ نہیں، وزارت پارلیمانی امور کے ذریعے قانون سازی تک محدود ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور کے دائرہ کار میں الیکشن کمیشن نہیں آسکتا۔
واضح رہے کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پارلیمانی امور نے الیکشن کمیشن سے بجٹ فنڈز اور اخراجات کی تفصیلات طلب کیں تھیں۔



















