ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابرسدھو نے کہا کہ پاک فضائیہ جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابل فخر تاریخ کی امین ہے۔
پاک فضائیہ کی تمام بیسز پر آج یوم فضائیہ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز 1965 اور 1971 کی جنگوں اور فرض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا عظیم نذرانہ پیش کرنے والوں کے لیے قرآن خوانی سے ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام اباد میں یوم شہداء کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایئر چیف نے بے مثال جرات و بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ افواج پاکستان کے جذبہ قربانی کو اجاگر کیا۔
چیف آف ائیر اسٹاف نے کہا کہ ہم اپنے ہیروز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے آنے والی نسلوں کے لیے قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کی، اپنے ہیروز کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے لیے لازوال قربانیاں دیں، ائیر چیف نے عالمی منظر نامے میں پاکستان کی ترقی اور ترقی کے لیے ہرممکن کوششیں کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ائیر چیف نے کہا کہ پاک فضائیہ خلائی، الیکٹرانک وارفیئر، سائبر اور دیگر شعبوں میں ترقی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی، پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص ٹیکنالوجی اور مقامی دفاعی صلاحیت کے لئے سخت محنت جاری رہے گی۔



















