Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، پاکستان کو پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز سری لنکا کو محض 98 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 121 رنز بنا لیے، تاہم خراب روشنی کے باعث دن کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیل کے اختتام پر پاکستان کو پہلی اننگز میں 23 رنز کی سبقت حاصل تھی۔ اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، جبکہ طیب عارف 46 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم 8، 8 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور پرباتھ جے سوریا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر پاکستان نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستانی بولرز نے حریف بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔ پوری سری لنکن ٹیم 98 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ کوشال مینڈس 32 اور سونل دینوشا 21 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت کر سکے، جبکہ دیگر بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ثاقب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ سری لنکا کا یہ اسکور راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا اب تک کا کم ترین مجموعہ ہے۔

یاد رہے کہ اسموگ کے باعث یہ ٹیسٹ لاہور سے راولپنڈی منتقل کیا گیا تھا۔ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کے لیے عرفات منہاس کی جگہ عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ سری لنکا نے دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کو موقع دیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ بھی بارش اور خراب روشنی کے باعث بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں