اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف شواہد ملٹری مقدمے کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فوجی عدالت میں مقدمے چلتے رہے ہیں، ملٹری قوانین کے تحت لوگوں پر مقدمہ چلایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف ثبوت ملٹری ٹرائل کی طرف لے جارہے ہیں، یہ نظر آرہا ہے کہ ان کا مقدمہ وہاں چلے گا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے متعلق تحقیقات تک ان کی رسائی نہیں، مگر یہ سوال تو واضح ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملٹری ٹارگٹس پر مظاہرے کیوں کروائے؟ جہاں جہاں مظاہرہ ہوا فوج کو ہدف بنایا گیا اور ایسا لازما بانی پی ٹی آئی کی ہدایات پر ہوا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ فیض حمید نے آرمی چیف بننے کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت سے بھی رابطہ کیا تھا، یقین دہانی کروائی تھی کہ آپ حمایت کریں گے تو وفاداری نبھاؤں گا، اس کے لیے انہوں نے کچھ ضمانتیں بھی دی تھیں۔



















