اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے جب کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کا بھاری خمیازہ بھگتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زہریلی گیسوں کے اخراج میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہے جب کہ پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں ہورہا ہے اور پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کا بھاری خمیازہ بھگتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شجرکاری، گرین انرجی، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق آگاہی کے حوالے سے حکومت نے مختلف اقدامات اٹھائے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے پر نمٹنے کی پوری توجہ مرکوز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بھی پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا گیا جب کہ اس کا مقصد پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے دنیا کو آگاہ کرنا تھا، موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے والی غیر ملکی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے بتایا کہ کاربن میں اخراج کا حصہ ہمارا بہت کم ہے لیکن اس سے نقصان بہت زیادہ ہے، موسمیاتی تبدیلی عالمی مسئلہ ہے، ترقی یافتہ ممالک کے تعاون سے اس مسئلے سے نمٹنا ہے جب کہ پاکستان نے اس معاملے پر بہت سنجیدگی دکھائی ہے۔
وزیر اطلاعات مزید کہتے ہیں کہ موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ہر فرد کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی شراکت داروں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے جب کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ملک کو محفوظ بنانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔



















