اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خلائی ترقی ملکی استحکام کے لئے ضروری ہے۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اسپارکو پاکستان کے ’’اسپیس پروگرام‘‘ کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مستقبل کی معیشت ٹیکنالوجی پر منحصر ہے اور ملکی ترقی کے لیے پالیسی کا تسلسل جاری رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی ترقی ملکی استحکام کے لئے ضروری ہے، 2018 میں ایم ایم 1 معاہدے پر دستخط کیے، یہ منصوبہ پاکستان میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب کہ مستحکم معیشت کے لئے پالیسیوں کا تسلسل ناگزیر ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی استحکام اولین ترجیح ہے، خلائی ٹیکنالوجی کا ملکی ترقی میں کلیدی کردار ہے اور ٹیکنالوجی میں جدت لانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے جب کہ خلائی ٹیکنالوجی تمام شعبہ ہائے زندگی کے ساتھ وابستہ ہے۔
وفاقی وزیر کہتے ہیں کہ خلائی ٹیکنالوجی سے منصوبوں کی لاگت کو کم کرنے اور بروقت مکمل کرنے میں مدد ملی، پاکستان وہ اہداف حاصل نہیں کرسکا جو دیگر ممالک نے اپنی پالیسیوں کے تسلسل کی وجہ سے حاصل کیے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ جیو اسپیشیل ٹیکنالوجی نے قدرتی آفات سے نمٹنے میں مدد کی، خلائی ٹیکنالوجی کا موسمیاتی تبدیلی، وسائل کی نگرانی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ جیسے شعبوں کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں اہم کردار ہے۔



















