سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پلاسٹک بیگز سے پنجاب کو پاک کرنے کے ایکشن پلان پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب کو پلاسٹک بیگز سے پاک کرنے کے وژن پر عملدرآمد کا سلسلہ جاری ہے، دو ماہ میں 77 ٹن پلاسٹک قبضے میں لے کر تلف کیا گیا۔
مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ قانون کی خلاف ورزی جہاں بھی ہو گی، کارروائی کریں گے، میڈیا کو پلاسٹک بیگز کے خاتمے اور ماحول کی بہتری کے لئے محکمہ ماحولیات کی کاوشوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ڈائیریکٹر جنرل ای پی اے، پورا محکمہ اور عملہ دن رات سموگ سے بچاؤ اور ماحول کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں، تاریخ میں پہلی بار محکمہ ماحولیات نے اتنے بڑے پیمانے پر اقدامات شروع کئے ہیں، ہم سب کی شاباش سے ان کے حوصلے مزید بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو پلاسٹک بیگز سے مکمل طور پر پاک کرنے میں ابھی وقت لگے گا، سرکاری دفاتر کی سطح پر پلاسٹک فری کی پالیسی پر عمل ہو چکا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‘نو پلاسٹک’ پر سختی سے عمل جاری رہے گا، میڈیا مدد کرے اور نشان دہی کا سلسلہ جاری رکھے۔
سینئر وزیر پنجاب کا کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس کی مدد سے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے، ماحولیاتی بہتری کے لئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اور دیگر نجی ادارے اپنے دفاتر میں ‘نو پلاسٹک’ پالیسی پر عمل کراکے ایک مثال بنیں، میڈیا عوام کو آگاہ کرنے میں مدد کرے کہ پلاسٹک بیگز استعمال نہ کریں۔



















