وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ اپنے نالائق وزیراعلیٰ کو بتائیں کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی وفاق بناتا صوبے نہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے برسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ڈرامے بازی بند کریں علی امین گنڈاپور اپنے بیان میں بتا چکا ہے وہ افغانستان سے کیوں بات کرنے جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے خود کہا میں وفاق اور اس کی خارجہ پالیسی کو کچھ نہیں سمجھتا، آپ کا وزیراعلیٰ کہتا ہے میں اپنی مرضی کے فیصلے کروں گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اپنے نالائق وزیراعلیٰ کو بتائیں کسی بھی ملک کی خارجہ پالیسی وفاق بناتا صوبے نہیں، اپنے صوبے کی بہتری کے لیے سفیروں سے ملاقات کرنا اچھی بات ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ غیر ملکی دوروں پر جانا وفاق کو مضبوط کرنا ہوتا ہے، کسی ملک سے کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کا ازخود ملکی پالیسی کے خلاف بات کرنا اینٹی اسٹیٹ جانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے ملک کے نمائندوں کے ساتھ کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کا وفاق کو بائی پاس کرکے ملنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے، ہمیں نظر آرہا ہے آپ لوگ کس ایجنڈے پر چل رہے ہم نے آنکھیں بند نہیں کی، قوم بھی آپکا ڈبل سٹینڈرڈ اور مکاریاں جان چکی ہے۔



















