پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام سے منسلک اداروں پر امریکی پابندیوں پر دفتر خارجہ نے ردِعمل دیدیا۔
پاکستان کی ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان امریکی اقدام کو سیاسی اور تعصب پر مبنی سمجھتا ہے، ماضی میں تجارتی اداروں پر اس طرح کی پابندیاں محض شکوک کی بنیاد پر لگائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسی اشیا پر بھی پابندیاں لگائی گئیں جو کسی ایکسپورٹ کنٹرول ریجیم کے تحت نہیں تھیں، ایکسپورٹ کنٹرول ریجیم کے تحت نہ انے والی اشیاء کو بھی حساس جان کر ان پر پابندیاں لگائی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ بعض ممالک عدم پھیلاؤ کا دعوی کرنے کے باوجود پسندیدہ ریاستوں کے لیے جدید فوجی ٹیکنالوجیز کے لیے لائسنس کی ضروریات کو آسانی سے معاف کر چکے ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہرے معیار اور امتیازی طرز عمل عالمی سطح پر عدم پھیلاؤ کا دعوی کرنے والی حکومتوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف فوجی عدم توازن میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ عالمی امن اور سلامتی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں۔



















