پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف آئینی ترمیم پر وزیراعظم شہباز شریف کی حکمت عملی سے نالاں ہیں۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق نواز شریف نے آئینی ترمیم سے متعلق مشاورتی عمل سے عدم دلچسپی کا اظہار کردیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور سے اسلام آباد آئے تھے، اس دوران نواز شریف نے صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی نہ مولانا فضل الرحمان سے ملے۔
ن لیگ کے ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی کوشش کے باوجود نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملنے سے انکار کردیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے شہباز شریف سے مکالمہ کیا کہ ترمیم پر پہلے ہی مولانا کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ نواز شریف کا آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے لاہور سے دوبارہ اسلام آباد آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ آج آئینی ترامیم کا بل پیش نہ ہوا تو قومی اسمبلی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا جائے گا، ابھی پارلیمانی خصوصی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کے اجلاس کے وقت کا تعین نہیں کیا گیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی مکمل حمایت حاصل ہونے تک آئینی ترامیم کا بل پیش نہیں ہوگا، حکومت آج پھر مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کرے گی۔



















