Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا جبکہ دونوں رہنماؤں میں مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کی جانب سے دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا گیا، دونوں رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو منانے کے حوالے سے عزم کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔

ملاقات میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔

دوسری جانب محمد شہباز شریف سے پیٹرولیم شعبے سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کمپنی گنور (Gunvor) گروپ کے چیئرمین توربیون تورنقوسٹ (Torbjorn Tornqvist) اور ٹوٹل انرجیز کے ریجنل وائس پریزیڈنٹ مہمت جیلیپوعلو (Mehmet Celepoglu) کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزراءاحد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیرِ اعظم نے گنور گروپ کے چیئرمین کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہو کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں اضافے کیلئے تیزی سے اصلاحات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری معاشی و کاروباری پالیسیوں کے مثبت ثمرات کا سلسلہ جاری ہے، حکومت ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں تمام رکاوٹیں ختم کر رہی ہے۔

چیئرمین گنور گروپ نے پاکستان کے پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

شرکاء نے وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی کہ گنور گروپ پاکستان میں ٹوٹل پارکو کے 50 فیصد حصص کا معاہدہ کر چکی ہے۔

چیئرمین گنور گروپ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے متعلقہ حکام کو گنور گروپ کے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ہر قسم کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ خبریں