Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں؛ صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت مختلف رہنماؤں کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سمیت مختلف رہنماؤں نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں  کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت کا خراج تحسین

صدر آصف علی زرداری نے فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مختلف جھڑپوں کے دوران خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر ان تعریف کی۔

صدر مملکت نے فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اعادہ کیا اور کارروائیوں کے دوران جان کی قربانی پیش کرنے والے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے، صدر مملکت نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت اور شہداء کے لئے بلندی درجات کی دعا کی۔

وزیر اعظم کا شہید اہلکاروں کو خراج عقیدت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے نڈر جوانوں کی جرات و بہادری کی بدولت متعدد دہشت گرد جہنم واصل ہوئے، خوارج کا ارض پاک سے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت کیا۔

وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

سردار ایاز صادق کی مذمت

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی اور جنوبی وزیرستان  میں سیکیورٹی فورسز پر فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے 7 سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جب کہ اسپیکر نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے فتنہ الخوارج کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کرتے ہوئے کہا کہ خوارج ملک اور انسانیت کے دشمن ہیں، خوارجی دہشت گرد اپنی مذموم کارروائیوں سے ملک کا امن سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گری کے خاتمے کے لئے سیکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں، خوارجی دہشت گردوں کی مذموم کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں جب کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم خوارجی دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، شہداء ہمارے حقیقی ہیروز ہیں جن کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اسپیکر نے اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لئے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا کی۔

بلاول بھٹو کا دہشت گردوں کی ہلاکت پر اظہارِ اطمینان

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 11  دہشت گردوں کی ہلاکت پر اظہارِ اطمینان کیا جب کہ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں جھڑپوں کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت پر فورسز کی تعریف کی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے 6 بہادر اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے جوانوں کی خون کے ہر قطرے کا حساب لیں گے۔

بلاول بھٹو کہتے ہیں کہ پوری قوم دہشت گردوں سے سینہ سپر اپنی سیکیورٹی فورسز کی پشت پر متحد کھڑی ہے جب کہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت و یکجہتی کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں