Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ٹی آئی کو کاہنہ میں جلسہ کرنے کی اجازت مل گئی

پاکستان تحریک انصاف کو لاہور کے علاقے رنگ روڈ کاہنہ کی مویشی منڈی گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مل گئی ہے جس کا انتظامیہ نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے  تحریک انصاف کو جلسہ کرنے کا اجازت نامہ جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی مینار پاکستان کے بجائے اب رنگ روڈ کاہنہ کی مویشی منڈی کے گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔

انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے دوپہر 3 بجے سے شام 6بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پی ٹی آئی ٹیم میں مشاورت مکمل ہو گئی ہے، ضلعی انتظامیہ نے اعلیٰ حکام کو نوٹیفکیشن کی کاپی بھجوادی، اعلیٰ حکام کی اجازت کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

جلسے کے حوالے سے صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن مینا خان کا کہنا ہے کہ لاہور جلسے کے لیے این اوسی مل گئی، وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ روانہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ خدشہ ہے این اوسی ملنے کے بعد بھی راستے روکے جائیں گے، لاہور جلسے کے لیے بھاری مشینری صوابی پہنچ گئی ہے، انتظامات مکمل ہیں، خیبرپختونخوا سے کل ہزاروں کی تعداد میں کارکن لاہور روانہ ہونگے۔

 مینا خان کا کہنا ہے کہ ہم پُرامن شہری ہیں،پُرامن جلسہ کر رہے ہیں، لاہور جلسے کے لیے تمام رکاوٹیں عبور کر کے پہنچیں گے۔

دوسری جانب ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ضلعی حکومت جس جگہ پر اجازت دے ہم جلسہ کرینگے، تحریک انصاف کو این او سی کی شرائط پر تحفظات ہیں۔

اس حوالے سے ترجمان اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ جلسہ جلو پارک میں ہوگا، مویشی منڈی کاہنہ بھی زیر غور ہے، باقاعدہ اعلان مزید مشاورت کے بعد ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں