وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کا کہنا ہے کہ اتحاد اور برداشت کے ساتھ اختلافات کو حل کرنا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے عالمی یوم امن کے دن کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس عالمی یوم امن پر ہمیں فرد اور قوم دونوں کی حیثیت سے امن کی اصل روح پر غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ان مشکل حالات میں ہمارا ملک نہ صرف معاشی اور سماجی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے بلکہ معاشرتی تقسیم کو دور کرنے کی اشد ضرورت ہے، امن صرف عالمی معاملہ نہیں، یہ ہمارے گھروں، برادریوں اور روزمرہ زندگی سے شروع ہوتا ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کو معاشی بحالی، سیاسی چیلنجز اور معاشرتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، اس لیے اتحاد اور برداشت کے ساتھ اختلافات کو حل کرنا ضروری ہے، پاکستان کا مستقبل ہماری ہم آہنگی اور اجتماعی بھلائی کے لیے مل کر کام کرنے کی صلاحیت پر منحصر ہے۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ آئیے نفرت اور تقسیم کو مسترد کریں اور مکالمے، سمجھداری اور ہمدردی کو فروغ دیں، صرف اندرونی امن کو فروغ دے کر ہم پائیدار استحکام اور خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔
اپنے پیغام کے آخر میں وفاقی وزیر تجارت نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر پاکستانی سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایک پرامن، جامع اور متحد پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے۔



















