وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ جس دن سے پاکستان ایٹمی قوت بنا ہے، پاکستان زائنسڈ لابی کی نظر میں چبھ رہا ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ظفر وال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج میں بہت اہم مسئلہ پر آپ سے مخاطب ہوں، یروشلم کے اخبار میں کالم چھپا ہے جس میں عمران خان کی حمایت کی گئی ہے، عالمی میڈیا میں ایک منظم مہم چلائی جارہی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ پوری دنیا میں اسرائیل کے نمائندے عمران خان کو دوبارہ مسلط کرنے کیلئے قلم توڑ رہے ہیں، اس مضمون میں واضح لکھا ہے کہ ہمارے ایجنڈا کو آگے بڑھانے کیلئے عمران خان ضروری ہے، ان جریدوں میں شامل یہ کڑیاں گولڈ اسمتھ خاندان تک پہنچتی ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی نثراد صادق خان کی مخالفت اور زید گولڈ اسمتھ کی حمایت کی ہے، اب مجھے یقین ہوچکا ہے کہ حکیم سعید اور جو دیگر مصنف عمران خان کے بارے لکھتے تھے وہ حقیقت ہے، زائنس لابی کی انویسٹمنٹ سے ایک زہر لوگوں کے ذہنوں میں اتارا جارہا ہے۔
احسن اقبال نے میڈیا سے بات کرتےہوئے کہا کہ ایک ایٹمی ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے اندرونی سازشیں کہ جاتی ہیں، عمران خان کی سیاست کا جائزہ لیا جائے وہ نفرت کی سیاست ہے، پاکستان کے اداروں کے خلاف بدترین پراپیگنڈہ کرکے پاکستان کو کمزور کیا جارہا ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ایک ریاست کی بنیاد ریاست کے اداروں کی حرمت پر ہوتی ہے، اداروں کی حرمت ختم ہو جائے تو ریاست کمزور ہو جاتی ہے، اس طرح کی گھٹیا مہم جو عمران خان کی شہہ پر اس کا سوشل میڈیا پوری دنیا میں چلارہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ایک طرف عمران خان کہتا ہے کہ مجھے امریکہ نے نکالا اور دوسری طرف انڈیا اور اسرائیل کی لابی اس کی حمایت میں مہم چلاتی ہے، یہ لوگوں کو کتنی دیر بے وقوف بنائیں گے، مولانا فضل الرحمن کی زبانی سنا کہ عمران خان اسرائیل کی لابی کا ایجنٹ ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مولانا سے کہتا ہوں کہ مل کر اس ریاست کو جو بدامنی پھیلا رہا ہے ان سازشوں کا قلع قمع کریں، ہمارے معاشی اعشاریہ اوپر جارہے ہیں ۔ہماری اسٹاک مارکیٹ بہتر ہورہی ہے، عمران خان کے جلسے جلوس دھرنے سی پیک کو سبوتاث کرنے کی کوشش ہے۔



















