Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردی کے خلاف عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں نے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں، امیر مقام

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں نے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے صحافی برادری کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ایسے صوبے سے تعلق رکھتے ہیں جس کی کسی کو کچھ سمجھ نہیں آرہی، گوڈ گورننس کب شروع ہوگی اور عوام کی فلاح و بہبود کا کام کب شروع ہوگا؟

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف اس صوبے کے عوام اور سیکیورٹی ایجنسیوں نے بے تحاشا قربانیاں دی ہیں، حالات پہلے نارمل ہوئے تھے لوگ کاموں پر جا رہے تھے، اب تو کوئی بھی شام کے بعد گھر سے نہیں نکل سکتا۔

امیر مقام نے کہا کہ یہاں تک کہ اس صوبے کی پولیس بھی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، جو خود کو صوبے کا چیف ایگزیکٹو کہہ رہا ہے وہ صرف نوکری کر رہا ہے، فنڈز کی تقسیم پر صوبائی وزراء میں لڑائی جھگڑے ہو رہے ہیں، مریم نواز سے درخواست کرتا ہوں کہ اس صوبے کے عوام کی مدد کی جائے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ کبھی اسلام آباد اور کبھی لاہور فتح کرنے جاتا ہے عوام کی فکر کسی کو بھی نہیں، صوبے کا وزیر اعلیٰ ایک نان سیریس شخص ہے اور مزاحیہ بیانات دیتے رہتے ہیں، وزیر اعلیٰ نے دو ہفتوں میں عمران خان کو رہا کرنے کا دعویٰ کیا تھا وہ ڈیڈلائن گزر گئی، اگر وزیراعلیٰ کو یاد نہ ہو تو انہیں بادام کھانے چاہیں تاکہ ان کی یادداشت بہتر ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کے لیے افغانستان کی حکومت سے مذاکرات کر رہے ہیں حالانکہ یہ وزیراعلیٰ کے اختیار میں ہے ہی نہیں، کسی ملک کیساتھ مذاکرات کسی صوبے کے وزیراعلیٰ کا کام نہیں بلکہ ریاست کا کام ہے، اس پر لگے ہوئے ہیں کہ پاکستان رہے یا نہ رہے بس یہ لوٹنے میں لگے رہیں، پنجاب کے عوام نے ان کے جلسے کو ریجیکٹ کیا ہے، پنجاب کو داد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اسرائیل کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، یہ کس طرف اس ملک کو اور اس صوبے کو لیکر جا رہے ہیں؟ ان کے بیانات قابلِ مذمت ہیں، خواتین کے بارے میں غیر اخلاقی گفتگو کرتے ہیں، اس طرح کے بیانات دیکر یہ دنیا بھر میں پاکستان کی کونسی امیج بنا رہے ہیں؟

امیر مقام نے کہا کہ آپکو ایسا امپریشن نہیں دینا چاہئے کہ خیبرپختونخوا کے عوام دہشتگرد ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دی ہیں ان کا امیج خراب نہ کریں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ قیدی نمبر 804 کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا، اس طرح ان کو آزاد نہیں کرایا جاسکتا، جس طرح وزیراعلیٰ صاحب بیانات دیتے ہیں کہ اپنے وزیراعظم کو رہا کراکے لائیں گے، یہ کسی فرد واحد کیساتھ نہیں بلکہ پورے پاکستان کیساتھ ظلم کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں