لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کے لئے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر سعودی عوام کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب ہر پاکستانی کے دل میں بستا ہے۔
مریم نواز کی جانب سے خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کو بھی قومی دن پر مبارکباد پیش کی گئی۔
انہوں نے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب عقائد، ثقافت اور روایات کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہیں، پاک سعودی باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد حرمین شریفین کا احترام اور عقیدت ہے، سعودی عرب پاکستان کے لئے روحانی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے سعودی عرب کے 94ویں قومی دن پر ”ہم خواب دیکھتے ہیں اور ہم حاصل کرتے ہیں“ ویژن کو بھی سراہا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے لئے برادر بزرگ کی حیثیت رکھتا ہے، ہر مشکل گھڑی میں تعاون بے مثال ہے، حرم پاک مسلمانوں کی عقیدت اور محبت کا محور ہے۔



















