Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسپارک کا 20 سگریٹ سے چھوٹے پیکٹوں کی تیاری اور فروخت پر سخت کارروائی کا مطالبہ

اسپارک کی جانب سے 20 سگریٹ سے چھوٹے پیکٹوں کی تیاری اور فروخت پر سخت کارروائی کا مطالبہ کردیا ہے۔

اسپارک نے تمباکو کمپنیوں کی جانب سے 20 سے کم سگریٹ پر مشتمل سگریٹ کے پیک کی تیاری اور تقسیم کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ قدم عوامی صحت، خاص طور پر  ہمارے نوجوانوں اور معاشرے کے کمزور طبقوں کے لیے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے اور اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

عالمی ادارہ صحت (WHO) کا  فریم ورک کنونشن برائے تمباکو کنٹرول (FCTC)  تمباکو کے استعمال  میں کمی اور لوگوں کو اس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے کام کرتا ہے۔ چونکہ پاکستان اس کا اہم رکن ہے اس لئے پاکستان پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس کے اصولوں کی پابندی کرے اور اسے ملکی سطح پر لاگو کرنے کے لئے کوششیں کرے۔

سگریٹ کے یہ چھوٹے پیکٹ نوجوانوں میں تمباکو اور اس سے منسلک اشیاء کی دستیابی میں آسانی کا باعث بن سکتے ہیں۔

  FCTC کا آرٹیکل 16.3 تمام رکن ممالک کو پابند کرتا ہے کہ وہ مقررہ حد سے کم پیکٹوں کی فروخت پر  پابندی عائد کریں۔

مزید یہ تجویز کیا جاتا ہے کہ سگریٹ کے پیکٹ میں کم  سے کم 20 سگریٹ  موجود ہوں۔ 80 سے زیادہ ممالک نے اس سے متعلق قانون سازی کی ہے۔

ڈاکٹر خلیل احمد، SPARC کے پروگرام مینیجر، نے اس سے متعلق کہا کہ اس طرح  کے اقدامات ملکی معیشت کے لئے شدید مشکل کا باعث بن سکتے ہیں۔ نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کا رجحان بڑھ سکتا ہے جس سے نہ صرف ملک میں بیماریوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ملکی معیشت پر بھی خاصا بوجھ پڑ سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) کا فریم ورک کنونشن برائے تمباکو کنٹرول (FCTC) کے اصولوں کی پاسداری ضروری ہے اور حکومت سے اپیل ہے کہ وہ اس دباؤ کا مقابلہ کرے اور نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کو کم کرنے کی کوشش کرے۔ اسپارک SPARC حکومت سے اپیل کرتا ہے کہ وہ تمباکو کنٹرول کے قوانین میں کوئی ایسی تبدیلی نہ کرے جو عوام کی صحت اور ملک کی معیشت پر منفی اثرات کا باعث بنے۔

متعلقہ خبریں